11 جولائی ، 2012
اسلام آباد … ملتان اور بہاولپور صوبوں کے قیام کیلئے کمیشن تشکیل دینے سے متعلق صدارتی ریفرنس قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا، ایم کیو ایم نے ہزارہ صوبہ بھی شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے دوران فیصل کریم کنڈی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے بجھوایا گیا ریفرنس پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی نے ملتان صوبے کے قیام اور بہاولپور صوبے کی پرانی حیثیت بحال کرنے کیلئے قرار داد منظور کی ہے لہٰذا اسپیکر قومی اسمبلی ایک کمیشن تشکیل دیں جس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 6،6 جبکہ پنجاب اسمبلی کے 2 ارکان شامل ہوں۔ کمیشن اپنی سفارشات 30 روز کے اندر اسپیکر اور وزیراعظم کو ارسال کرے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ اس کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہزارہ صوبے کا قیام بھی شامل کیا جائے۔ اس معاملے پر بحث کا آغاز جمعرات سے ہوگا۔ ایوان میں ریلوے سے متعلق آرڈیننس ، پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز اور کیپٹل یونیورسٹی کے قیام سے متعلق بلز اور اسٹیٹ بینک کی رواں برس کی دوسری سہ ماہی رپورٹ بھی پیش کردی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی صبح 11بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔