11 جولائی ، 2012
پشاور…خیبر پختون خوا بار کونسل نے توہین عدالت کے قانون میں ترمیم کے خلاف کل پورے صوبہ میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ خیبر پختون خوا بار کونسل کے ترجمان نواز خان نے جیونیوز کو بتایا کہ توہین عدالت کے قانون میں ترامیم جانبداری اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ جس کا مقصد صدر اور وزیر اعظم کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ جو آئین کی روح سے متصادم ہے۔نواز خان نے کہا کہ توہین عدالت کے قانون میں ترامیم سے بڑے لوگوں کو چھوٹ ملے گی۔ جس کے خلاف کل پورے صوبہ میں ہڑتال کی جائے گی۔ اور وکلاء پشاور ہائی کورٹ سمیت صوبہ کی تمام ماتحت عدالتوں کی کارروائی کا بائی کاٹ کریں گے۔