11 جولائی ، 2012
اسلام آباد … امریکا کے سبکدوش ہونے والے سفیر کیمرون منٹر نے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف سے الوداعی ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام اور ملکی مفاد میں نیٹو سپلائی کو کھولنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم ہاوٴس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی سربراہی میں افغان امن عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس نے اقتصادی دباوٴ کے باوجود افغانستان کیلئے 2 کروڑ ڈالرز کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ حالیہ چیلنجز کے باوجود پاک امریکا تعلقات کا معمول پر آنا اطمینان بخش ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات میں باہمی احترام اور مفاد پر مبنی پیشرفت چاہتا ہے۔ عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں تاہم اتحادیوں کو بھی سرخ لائن کا احترام کرنا چاہئے، امریکا سے توانائی، انفرا اسٹرکچر کی ترقی،واٹر مینجمنٹ اور انسانی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر کیمرون منٹر نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نجی شعبے کو پاکستان میں توانائی کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیں گے ۔