11 جولائی ، 2012
کراچی … صدر آصف علی زرداری نے ہلال احمر سوسائٹی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے چاروں صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انجمن ہلال احمر کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹرز کے قیام کیلئے جگہ فراہم کریں۔ انہوں نے یہ بات بلاول ہاوٴس کراچی میں ہلال احمر سوسائٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ ، گورنر خیبر پختونخوا مسعود کوثر، گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی، گورنر گلگت بلتستان پیر کرم علی شاہ اور قائم مقام گورنر سندھ نثار کھوڑو بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران ہلال احمر سوسائٹی کی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں سوسائٹی کے رضاکاروں کی تعداد 2 لاکھ 53 ہزار ہے جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار تربیت یافتہ افراد ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم کے ارکان کی تعداد 443 ہے۔ اس موقع پر ہلال احمر سوسائٹی کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو کی گئی۔ بورڈ کے ارکان میں پروفیسر ادیب الحسن رضوی، ڈاکٹر عبدالباری خان، پروین مگسی، فضا گیلانی، صغریٰ امام اور عاصمہ ارباب عالمگیر شامل ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہلال احمر سوسائٹی کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہلال احمر کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے وسائل پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضروری نہیں کہ کسی بھی مشکل وقت میں عالمی برادری مدد کرے بلکہ ہمیں خود بھی وسائل پیدا کرنا ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس موجود ڈیٹا بھی ہلال احمر کو دیا جائے، تاکہ انہیں کام کرنے میں آسانی ہو۔