12 جولائی ، 2012
حیدر آباد … جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت دوہری شہریت کے بل کے ذریعے وزراء کو تحفظ دینا چاہتی ہے، انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ دوہری شہریت کے حوالے سے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے طریقہ کار بنائے۔ انہوں نے یہ بات حیدرآباد کے علاقے شاہ مکی روڑ پر واقع جماعت اسلامی کے مرکز تبلیغ اسلام پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت دوہری شہریت کے بل کے معاملے پر عجلت سے قانون سازی چاہتی ہے تاکہ وزراء کو تحفظ دیا جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت کے حوالے سے اتفاق رائے ہونا چاہئے اور بیرون ملک پاکستانوں کو اعتماد میں لیاجانا چاہئے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ دوہری شہریت کے بل کے حوالے سے طریقہ کار بنائے اور قومی اتفاق کرنے کیلئے حکومت، اپوزیشن اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو موقع فراہم کرے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم راجا پرویز اشرف راجا رینٹل کے نام سے مشہور ہیں اور ان کا نام سن کر قوم مینٹل ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کے حوالے سے قانون آئین سے متصادم ہے۔انہوں نے کہا کہ نامزد چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کو آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کے قیام اور نئی صاف شفاف ووٹر لسٹوں کی تیاری سمیت کئی چیلنجوں کا سامنا ہوگا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیٹو سپلائی بند کی جائے، جماعت اسلامی 14 جولائی کو چمن سے کوئٹہ لانگ مارچ کرے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلا تاخیر عام انتخابات کا اعلان کرے۔