12 جولائی ، 2012
کراچی … پاکستان تحریک پاکستان انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل نہیں کیا گیا تو احتجاج اور توہین عدالت سے متعلق بل عدالت میں چیلنج کریں گے۔ سول لائن کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر کرپٹ لوگوں کو لایا جارہا ہے،تحریک انصاف توہین عدالت بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی اور اگر سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل نہیں کیا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں تحریک انصاف کی پٹیشن کے ذریعے ووٹ دینے کا حق ملا، لیکن دوہری شہریت والوں کو ایوان میں نہیں آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جنگ ہماری جنگ نہیں تھی ہمیں اس سے نکلنا چاہئے، ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی کی بحالی پر 14 جولائی کو پشاور میں بھر پور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ راجا پرویز اشرف کو وزیر اعظم بناکر عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کی کسی بھی حلیف جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کر سکتے۔ اس سے قبل عمران خان نے کراچی بار ایسوسی ایشن سے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ توہین عدالت بل منظورکرکے حکمرانوں نے ملک میں 2طبقے بنادیئے ہیں۔