02 فروری ، 2012
راولپنڈی … قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ غریب اور سفید پوش عوام اللہ کے کرم سے زندہ ہیں ورنہ صدر آصف زرداری نے کوئی کسر نہ چھوڑی۔ قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی نے راولپنڈی کے نواحی علاقے ڈھوک بھدہال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اور یوسف گیلانی عوام کو تکلیف دے کر خوش ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل پر خاموش رہتی ہے اور اپنے مسائل پر آسمان سر پر اٹھالیتی ہے پھر کہاں جاتا ہے کہ فوج اور عدلیہ زیادتی کررہے ہیں۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ عوام کو انصاف چاہئے، تحریک انصاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرویز مشرف کے سامنے بھی اگلی صفوں پر لڑتے رہے اور اب صدر زرداری کے سامنے بھی اگلی صفوں پر لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اعمال کی وجہ سے ہم پر ایسے حکمران مسلط کردیے گئے ہیں ہمیں اپنے اعمال کو ٹھیک کرنا ہوگا۔