02 فروری ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماوٴں کے اجلاس میں وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے توہین عدالت کیس کے بارے میں بریفنگ دی ہے، وزیراعظم نے اعتزازاحسن کو ہدایت کی ہے کہ آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر جواب تیار کریں۔ وزیراعظم ہاوٴس کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ سینئر رہنماوٴں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھا کہ وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے پہلے بھی بلایا تو حاضر ہوگیا، اب بھی 13 فروری کوپیش ہوں گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے وکیل بیرسٹر اعتزازاحسن کو ہدایت کی ہے کہ آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر جواب تیار کریں۔ اجلاس میں وزیراعظم کے توہین عدالت کیس میں وکیل اعتزازاحسن کے علاوہ خورشید شاہ، امین فہیم، قمر زمان کائرہ ،پرویز اشرف اور نیئر بخاری نے شرکت کی۔