Time 30 ستمبر ، 2017
کھیل

ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان کے تیسرے روز کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز

پاکستان نے سری لنکا کے 419 رنز کے جواب میں کھیل کے تیسرے روز کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنالیے۔

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا پہلی اننگز میں 419 رنز بنائے جس کے جواب میں کھیل کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنالیے ہیں تاہم سری لنکا کو اب بھی 153 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کے اوپنر شان مسعود اور سمیع اسلم نے اننگ کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 114 رنز کی شراکت قائم کی۔

سلامی بلے باز سمیع اسلم 51 رنز بناکر پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جب کہ 116 کے مجموعی رنز پر شان مسعود 59 رنز نماکر ہیراتھ کو وکٹ دے بیٹھے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں اظہر علی اور اسد شفیق نے 79 رنز بنائے تاہم 195 کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق 39 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

تیسرے روز کے اختتامی اوور میں بابر اعظم بھی 28 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اظہر علی 74 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں اور ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے 8 ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 

اس سے قبل پہلی اننگز میں سری لنکا بلے بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بولروں کی ایک نہ چلنے دی اور مسلسل اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔

پہلے اوپنر بلے باز کرونرتنے نے اچھی بلے بازی کی اور اسکوو کو آگے بڑھایا لیکن وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 93 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان چندی مل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 155 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ ڈک والا 83 رنز بناسکے جب کہ دیگر کھلاڑیوں نے بلے بازی میں خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

سری لنکا کے اسکور میں کرورتنے- چندی مل (100)، چندی مل ڈکویلا (134) اور پریرا اور چندی مل (92) کی شراکتوں نے اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور محمد عباس نے تین، تین، حسن علی نے دو جبکہ حارث سہیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاسر شاہ کا اعزاز

سری لنکا کے خلاف میچ میں یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کر کے ٹیسٹ کی تاریخ میں سب سے تیز ترین 150 وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر بن گئے ہیں۔

یاسر شاہ نے مجموعی طور پر اپنے 27 ویں ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا جب کہ ان سے قبل آسٹریلیا کے کلیری گریمیٹ نے 28 میچوں میں 150 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں جب کہ قومی ٹیم کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، سمیع اسلم، اظہرعلی، اسد شفیق، بابراعظم، محمد عامر، یاسر شاہ، محمد عباس اور حسن علی پر مشتمل ہے۔ 

سری لنکن ٹیم کشال سلوا، ڈیموتھ کرارتنے، کشال مینڈس، کپتان دنیش چندیمل، لہیرو تھرمانے، نروشان ڈکویلا، دلرووان پریرا، رنگانا ہیراتھ، سرنگا لکمل، لکشان سنداکان اور نوان پرادیپ پر مشتمل ہے۔ 

ٹاس ہارنے کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے اور میچ میں اچھا پرفارم کریں گے۔ 

کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے اور سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے کافی پرجوش ہوں۔

آئی سی سی کے نئے قوانین کا اطلاق

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے کرکٹ کی دنیا میں آئی سی سی کے نئے قوانین کا اطلاق ہونے جارہا ہے۔

نئے قوانین کے مطابق امپائرز کو آن فیلڈ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو میدان سے باہر بھیجنے اور حریف ٹیم کو پینلٹی رنز دینے کا اختیار مل گیا ہے۔

نئی ترامیم کے تحت پلیئرز کے آن فیلڈ کنڈکٹ کو 4 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت میچ کے دوران نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو محدود مدت سے لے کر مکمل اننگز کے لئے میدان سے باہر کرنا اور حریف ٹیم کو 5 پینلٹی رنز دینا فوری سزا میں شامل ہے۔

اگر کپتان کھلاڑی کو گراؤںڈ سے باہر بھیجنے سے انکار کرتا ہے تو امپائر کو حق حاصل ہوگا کہ وہ حریف ٹیم کو فاتح قرار دیدے۔


مزید خبریں :