عامر خان کا میگا پروجیکٹ فلم بنانے میں خوف کا اعتراف

— فوٹو فائل

بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان مختلف کرداروں میں ڈھلنے پر مہارت رکھتے ہیں لیکن ایک میگا پروجیکٹ فلم بنانے میں انہوں نے خوف کا اعتراف کیا ہے۔ 

عامر خان ان دنوں اپنی پروڈکشن 'عامر خان' کے بینر تلے بننے والی فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں جہاں ان سے باہو بلی کے ہدایت کار راج مولی کے ساتھ ’’مہا بھارتا‘‘ میں کام کرنے سے متعلق سوال کیا گیا۔

جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں خود بھی ’مہا بھارتا‘ جیسے بڑے پروجیکٹ پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں لیکن میں اس منصوبے کو شروع کرنے سے ڈرتا ہوں کیوں کہ یہ فلم میری زندگی کے 15 سے 20 سال لے گی۔

انہوں نے کہا کہ 'فلم مہابھارتا' کے لئے میرا پسندیدہ کردار ’کرنا‘ کا ہے لیکن اپنی جسمانی ساخت کی وجہ سے کرشنا کا کردار کرسکتا ہوں۔

خیال رہے کہ فلم مہا بھارتا تاریخ پر مبنی ہوگی جس میں کرداروں کو ماضی کے لوگوں کی طرح خود کو پیش کرنا ہوگا۔ 

عامر خان اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں مسٹر پرفیکشنسٹ کہا جاتا ہے۔

عامر خان نے فلم ’’دنگل‘‘ میں اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے وزن میں 25 کلو کا اضافہ کیا تھا جس کے باعث انہیں صحت کے مسائل کا سامنا رہا لیکن اسی فلم میں انہوں نے اپنے وزن میں کمی بھی کی۔

مسٹر پرفیکشنسٹ حال ہی میں ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ میں مرکزی کردار کررہے ہیں اور اس کے لیے بھی انہوں نے اپنے وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ ایک منفرد روپ دھار لیا ہے۔