03 فروری ، 2012
کوئٹہ … حکومت بلوچستان نے صوبے میں کام کرنے والی پچاس نجی سیکیورٹی کمپنیز کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا،لائسنس حاصل کرنے کے بعد کام نہ کرنیوالی ان کمپنیز کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے نجی سیکورٹی کمپنیز کی جانچ پڑتال کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے تمام سیکورٹی کمپنیز کے دفاتر کا رکارڈ اور دی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کرنے کے بعد ایک رپورٹ مرتب کی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں ایک سو دو نجی سیکورٹی کمپنیز نے لائسنس حاصل کیے تھے جن میں 45سیکورٹی کمپنیز ایسی پائی گئیں جنہوں نے لائسنس حاصل کیا لیکن کام شروع نہیں کیا۔ پانچ سیکورٹی کمپنیز اسی بھی ہیں، جنہوں نے لائسنس لیا دفاتر کھولے لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود انہوں نے کسی کو سیکورٹی فراہم کرنیکی سہولت نہیں دی اورنہ ان کے پاس اسلحہ خانہ ہے۔