پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2017

نیب اوپن کورٹ ہے وہاں ہر کسی کو جانے کی اجازت ہونی چاہیے، رانا ثناءاللہ

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ جو ختم نبوت پر ایمان نہیں رکھتا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے، بعض سیاسی مخالفین نے میرے بیان کو غلط طور پر پیش کیا۔

 آج احتساب عدالت میں بدنظمی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب ایک اوپن کورٹ ہے وہاں ہر کسی کو جانے کی اجازت ہونی چاہیے، ایک بڑا کیس چل رہا ہے تو وہاں سیاستدان اور وکیل سب ہی جائیں گے۔

لاہور میں پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عدالت میں گنجائش کم ہو تو سماعت کسی بڑی جگہ پر منتقل کی جا سکتی ہے، ایک وکیل اوپن کورٹ میں جانے کا استحقاق رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ بار 21 ہزار وکلا کی بار ہے چند لوگوں کو کسی کی ممبرشپ ختم کرنے کا اختیار نہیں ہے، اسلام آباد میں وکلا کو عدالت جانے سے روکا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر کا منصورہ سے بہت تعلق ہے جبکہ سیکریٹری ہائیکورٹ بار کا ظہور الہیٰ روڈ سے گہرا تعلق ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کیپٹن(ر) صفدر کے بیان پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک انداز میں جواب دیا، ان کے جواب کے بعد اس پر بات کی گنجائش نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک بیان مجھ سے منسوب کرنے کی کوشش کی گئی، بعض سیاسی مخالفین اور دیگر نے میرے بیان کو غلط طور پر پیش کیا۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ میں ایک راسخ العقیدہ مسلمان ہوں اور راسخ العقیدہ مسلمان ہونے کے ناطے ختم نبوت پر ایمان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین میں تمام اقلیتوں کے حقوق بھی واضح طور پر درج ہیں، ریاست نے ہمیشہ احمدیوں کو آئین کے مطابق جان و مال کا تحفظ فراہم کیا۔

مزید خبریں :