Time 24 اکتوبر ، 2017
پاکستان

پاکستان خطے میں امریکا کے لئے اہمیت کا حامل ہے، امریکی وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امریکا کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن، وزیر دفاع خرم دستگیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

امریکی وفد میں پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی ملاقات میں شامل تھے۔

بعد ازاں امریکی سفارت خانے کی جانب سے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن اور وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیل جاری کی گئی۔

سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں پاک امریکا تعاون اور شراکت داری سمیت اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بات چیت کی گئی۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق ملاقات میں خطے میں پاکستان کے کردار سے متعلق بھی بات چیت ہوئی اور امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان و خطے میں امن کے لیے پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور امریکی خاتون شہری اور ان کے کینیڈین شوہر کی بازیابی میں پاک فوج سے اظہار تشکر بھی کیا۔

سفارتی اعلامیے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں امریکی صدر کے پیغام کو دہراتے ہوئے پاکستان پر زور دیا کہ اپنی سرزمین کے اندر دہشت گردوں کے خاتمے کی کوششیں تیز کی جائیں۔

سفارت خانے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم پاکستان کو جنوبی ایشیاء میں امریکی پالیسی سے متعلق بتایا اور کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

ریکس ٹلرسن نے یہ بھی کہا کہ جنوبی ایشاء میں داعش اور دہشت گرد گروپوں کا خاتمہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ایک روزہ دورہ پورہ کرنے کے بعد چکلالہ ایئربیس سے واپس روانہ ہو گئے۔

قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا استقبال کیا۔

اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امریکا کے لئے اہمیت کا حامل ملک ہے جب کہ پاک امریکا تعلقات مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے بھی اہم ہیں۔

ریکس ٹلرسن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں بھی اہم ہیں۔

جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ بہترین تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بھی فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نتائج حاصل کیے ہیں۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر مائیک پینس کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی پر زور دیا گیا تھا۔

اور اسی سلسلے میں پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکا کا دورہ کیا اور امریکی وزیر خارجہ آج پاکستان آئے ہیں جہاں وہ چکلالہ ایئربیس پہنچے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کی انتظامیہ کے اہم وزیر کا دورہ پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ سفارتی اور دفاعی تعلقات کے نئے دور کا نکتہ آغاز قرار دیا جارہا ہے۔

پاکستان رواں سال دسمبر میں امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی بھی میزبانی کرے گا۔

مزید خبریں :