03 نومبر ، 2017
سوات کے شہر مینگورہ سے صرف 13 کلومیٹر کے فاصلے پر پہاڑوں کے دامن میں واقع گاؤں اسلام پور ضلع سوات کا وہ واحد گاؤں ہے جہاں 17 ہزار کی آبادی میں ایک بھی شخص بے روزگار نہیں ہے۔
بھیڑ بکریوں کے اون سے رنگ برنگی چادریں ،شالیں اور کپڑے تیار کرنے والے اس چھوٹے سے گاؤں میں سالانہ کروڑوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ کاروبار یہاں پر صدیوں سے چلا آرہا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ مختلف اشیاء میں ایسی نفاست اور خوبصورتی آگئی کہ دیکھنے والے بھی دنگ رہ گئے۔
مقامی صنعت کار و کاریگروں نے بتایا کہ ان کے پاس مردانہ، لیڈیز شال بنتے ہیں، اور پشمینہ شال بھی بنائے جاتے ہیں جبکہ شالوں کے علاوہ واسکٹ کی پٹیاں بھی بنائی جاتی ہیں۔
اسلامپور کے اس گاوں میں قریبی علاقوں کے کاریگر بھی کام کرکے رزق حلال کماتے ہیں۔
اسلامپور کاٹیج انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو حاضر گل کے مطابق یہاں پانچ ہزار یونٹ لگائے گئے ہیں، جس سے 15 ہزار لوگوں کو براہ راست جبکہ 40 ہزار افراد بالواسطہ طور پر روزگار سے جڑے ہوئے ہیں۔
گاریگروں کا کہنا ہے کہ سردیاں شروع ہو تے ہی ان کا کاروبار بڑھ جاتا ہے اور ان کی بنائی ہوئی اشیاء افغانستان اور وسظی ایشیاء کے ممالک میں بھی برآمد ہوتی ہے۔