Time 22 نومبر ، 2017
پاکستان

ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے میجر اسحاق شہید، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈیرہ اسماعیل خان میں فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کے میجر اسحاق شہید ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں آپریشن کیا جس میں ایک اور دھرتی کے سپوت میجراسحاق نے جام شہادت نوش کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 28 سال کے شہید میجر اسحاق کاتعلق خوشاب سے ہے جو دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہوئے، ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کابچہ شامل ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید میجر اسحاق کے جنازے میں شرکت کی۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی دھرتی کودہشت گردوں سےصاف کررہےہیں، مادروطن کی حفاظت کا مقدس فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔


دوسری جانب وزیراعظم نے شہید میجر اسحاق کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی اور ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے بھی میجر اسحاق کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید خبریں :