Time 24 نومبر ، 2017
پاکستان

برطانیہ نے حسین نواز کیخلاف قانونی معاونت کیلئے نیب کی درخواست منظور کرلی

برطانیہ کی وزارت داخلہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی حسین نواز شریف کے کیس میں قانونی معاونت فراہم کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نے حسین نواز کا کیس پہلے ہی اپنی نیشنل کرائم ایجنسی کے حوالے کر دیا ہے تاکہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی درخواست کے مطابق باہمی قانونی معاونت کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔ 

نیب نے اسی طرح کی درخواست نواز شریف کے چھوٹے بیٹے حسن نواز کے معاملے میں بھی کر رکھی ہے تاہم برطانوی حکام نےابھی اس کا جواب نہیں دیا جس کی وجہ بظاہر حسن نواز کی برطانوی شہریت ہو سکتی ہے۔

باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے یہ مثبت رد عمل برطانیہ کی اہم سرکاری شخصیت کے دورہ پاکستان کے نتیجے میں سامنے آیا ہے تاہم اس شخصیت کا نیب کے ساتھ تعلق نہیں ہے۔ 

حسین نواز کے معاملے میں قانونی معاونت فراہم کرنے کی متعدد درخواستوں کے بعد، برطانوی وزارت داخلہ نے برطانیہ کی سینٹرل اتھارٹی کے نمائندے کے ذریعے وزارت خارجہ کے توسط سے جواب دیا ہے۔ 

اور اس حوالے سے برطانوی وزارت داخلہ کے خطوط نیب کو لکھے گئے ہیں۔

مزید خبریں :