Time 28 نومبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

خان ہیروز کی فیورٹ کون؟

—فوٹو:فائل

کترینہ کیف پھر سے بالی وڈ کے حکمران تینوں خانوں کی فیورٹ ہیروئن بن چکی ہیں اور وہ سلمان کے ساتھ ’ٹائیگر زندہ ہے‘، عامر خان کے ساتھ’ٹھگ آف ہندوستان‘ اور شاہ رخ خان کی بطور’بونے‘ والی فلم میں بھی نظر آئیں گی۔

کترینہ کیف کو ان تینوں فلموں کی ریلیز کے بعد وہ اعزاز بھی حاصل ہوجائے گا جو اب سے پہلے صرف مادھوری، منیشا اور رانی مکھرجی کو ملا ہے اور وہ اعزاز ہے ’ڈبل خان گرینڈ سلام‘ کا۔

ٹینس کے چار بڑے ٹورنامنٹ آسٹریلین، فرنچ، ومبلڈن اور یو ایس اوپن ’گرینڈ سلام‘ چیمپئن شپ ہیں، ان چاروں کو جیتنے والا کھلاڑی اپنا گرینڈ سلام مکمل کرتا ہے۔

بالی وڈ میں ان تینوں خان کے ساتھ چوتھے خان کی تلاش ہمیشہ جاری رہی لیکن اب یہ بات طے ہے کہ خان ہیروز کی حکمرانی کا خاتمہ جب بھی ہوگا اسی ’تکون‘ پر ہوگا۔

بالی وڈ میں تینوں خانوں کی حکمرانی کو لگ بھگ تیس برس ہونے والے ہیں، اس دوران کتنی ہیروئنز آئی اور کتنی گئی لیکن یہ تین خان ابھی تک اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہیں ہوئے۔

100 کروڑ کا میدان ہو یا کروڑ کی ڈبل سنچری کا کلب یا 300 کروڑ کی فہرست جہاں دیکھوں یہی تینوں خان براجمان نظر آتے ہیں جب کہ ان تینوں خان کے ساتھ نظر آنا پھر بار بار نظر آنا ہر اداکارہ کی خواہش ہوتی ہے لیکن یہ خان جس کو چاہے اپنی فلم میں کاسٹ کرواتے ہیں جس کو چاہتے ہیں برسوں انتظار کراتے ہیں۔

ٹینس کی طرح بالی وڈ میں ان تینوں ہیروز کے ساتھ بطور ہیروئن آنا ’خان گرینڈ سلام‘ کہلاتا ہے اور جو حسینہ بطور ہیروئن ان تینوں کے ساتھ دو بارہ نظر آئے تو وہ ’ڈبل خان گرینڈ سلام‘ کہلاتا ہے۔

انوشکا شرما — فوٹو:فائل

ایک سال پہلے انوشکا فلم ’سلطان‘ میں سلمان خان کی عارفہ بنی تھیں لیکن انہوں نے شاہ رخ کی فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد انوشکا نے فلم ’پی کے‘ میں دوسرے ’گولے‘ سے آنے والے عامر خان کے ساتھ 300 کروڑ کا چھکا بھی لگایا تھا، یعنی انوشکا کا ’خان کورس‘ کامیابی سے مکمل ہوا تھا۔

انوشکا کی سلمان، عامر اور شاہ رخ خان کے ساتھ فلمیں ہٹ تو ہوئیں لیکن اس سال شاہ رخ خان کے ساتھ ہی ’جب ہیری میٹ سیجل‘ بری طرح ناکام ہوئی لیکن انوشکا ان ہیروئن میں سے ہیں جن پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ ’خان گرینڈ سلام‘ کے بعد ’ڈبل گرینڈ خان سلام‘ مکمل کریں لیکن اس کے لیے ان کو سلمان اور عامر کے ساتھ مزید ایک ایک فلم کرنی پڑے گی لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے راجا کرکٹ کے ویرات کوہلی کوشادی کیلئے انتظار کراتی رہیں۔

فلم ’پی کے‘ میں عامر خان اور انوشکا کا ایک منظر —فوٹو:فائل

اب یہاں سے خان کی رانیوں کی گتھی سلجھنے کے بجائے الجھ جاتی ہے, چلیں ہم یہ گتھی آپ کیلئے سلجھانا شروع کرتے ہیں۔

30سالوں سے جو بھی ہیروئن ان خان ہیروز کے ساتھ نظر آئی ہے اس نے کامیابی کا مزہ چکھا ہو یا نہیں ناکامی کا منہ ضرور دیکھا ہے لیکن صرف کاجول واحد ایسی ہیروئن ہیں جو ابھی تک کسی خان کے ساتھ کسی فلم میں ناکام نہیں ہوئیں۔

فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کا ایک منظر — فوٹو:

کاجول کی اپنے ’بازیگر‘ کے ساتھ ’دل والے دلہنیا لیجائیں گے‘، ’کرن ارجن‘ جس میں ایک نہیں دونوں خان تھے اسی طرح ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’مائی نیم از خان‘ اور ’دل والے‘ نے باکس آفس پر زبردست کامیابی اور بزنس سمیٹا۔

فلم’فنا‘ کا ایک منظر —فوٹو:بھارتی ویب سائٹ

کاجول نے عامر کے ساتھ ’فنا‘ میں اور سلمان خان کے ساتھ ’پیار کیا تو ڈرنا کیا‘ میں بطور ہیروئن کام کیا اور یہ دونوں فلمیں بھی سپر ہٹ ہوئیں ہیں۔

کاجول اگر ہٹ ہوئی ہیں تو ان کی کزن رانی مکھر جی کے پاس بھی منفرد ریکارڈ ہے اور رانی مکھرجی نے ان تینوں خان کو سب سے زیادہ بار اپنا ’غلام‘ بنایا ہے۔

رانی مکھر جی وہ واحد ہیروئن ہیں جو تینوں خان کے ساتھ کم از کم تین بار فلموں میں کاسٹ ہوئیں اور اسپیڈ کے حساب سے بھی سب سے تیز نکلی ہیں کیوں کہ انھوں نے اپنے کیریئر کی شروع کے دو سالوں میں ہی تینوں خان کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

پہلے عامر کے ساتھ ’غلام‘ پھر شاہ رخ کے ساتھ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ اور پھر فوراً ہی سلمان کی ’ہیلو برادر‘میں کام کیا۔

فلم ’منگل پانڈے‘ میں عامر خان اور رانی مکھرجی ایک ساتھ —فوٹو: فلمی بیٹ

شاہ رخ کی ’پہیلی‘، عامر کی ’منگل پانڈے‘ اور  سلمان کی  ’کہیں پیار نہ ہوجائے‘ رانی کی وہ فلمیں ہیں جو بری طرح ناکام ہوئیں۔

کرینہ کپور بھی شروع میں سلمان اور شاہ رخ کے ساتھ ’اشوکا‘ اور ’کیو نکہ‘ میں کامیابی کو ’تلاش‘ کرتی رہیں لیکن ان کو پھر ’باڈی گارڈ‘، ’تھری ایڈیٹس‘ اور  ’را ون ‘ میں خوب کامیابی ملی اور’بجرنگی بھائی جان‘ نے تو کمال ہی کردیا جب کہ کرینہ کپور بھی بالی وڈ کی ان حسیناؤں میں سے ہیں جنھوں نے خان ہیروز کے ساتھ دو بار کام کیا ہے۔

منیشا کوئرالہ جنھوں نے عامر کے ساتھ ’من‘ لگایا تو شاہ رخ کے ساتھ ’دل سے‘ کام کیا لیکن ان کا کیریر ’منجھدار‘میں پھنسا رہا، منیشا وہ بدقسمت اداکارہ ہیں جن کو تینوں خانوں کے مقابلے میں دو بار کاسٹ کیا گیا لیکن شاہ رخ کے ساتھ ’گڈو‘ عامر کے ساتھ ’اکیلے ہم اکیلے تم‘ اور سلمان کے ساتھ ’سنگ دل صنم‘ بھی بری طرح ناکام ہوئیںیعنی منیشا کو تینوں خان ہیروز کے ساتھ چھ فلمیں بنانے کے بعد بھی ایک بھی کامیابی نہیں ملی۔

فلم ’انداز اپنا اپنا‘ کا ایک منظر جس  میں روینہ، سلمان، عامر خان اور کرشمہ کپور نظر آرہے ہیں —فوٹو:فلمی بیٹ

باکس آفس پر اسی ’پرمپرا‘ کے ’پتھر کے پھول‘ برسے روینہ ٹنڈن پر جن کا تینوں خان کے ساتھ کام کرنے کے باوجود ’زمانہ دیوانہ‘ نہ بن سکا، روینہ کی عامر اور سلمان کے ساتھ ’انداز اپنا اپنا‘ اور شاہ رخ کے ساتھ’یہ لمحے جدائی کے‘ باکس آفس پر ناکام ہوئیں۔

سونالی باندرے شاہ رخ کے ساتھ ’ڈپلی کیٹ‘ اور ’انگلش بابو دیسی میم‘ میں تو کوئی کمال نہیں کرسکی لیکن عامر کے ساتھ ’سرفروش‘ اور سلمان کے ساتھ ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ میں ان کو کامیابی کی سند ضرور ملی۔

تینوں خان مادھوری کے بھی دو بار سے زیادہ ’ساجن‘ بنے ہیں اور  عامر کے ساتھ ’دل‘  تو خوب لگا لیکن’دیوانہ مجھ سا نہیں‘ بری طرح ناکام ہوئی، اسی طرح شاہ رخ کے ساتھ ’کوئلہ‘ کا ’انجام‘ بھی اچھا نہیں ہوا لیکن بعد میں ’دیوداس‘ اور’دل تو پاگل ہے‘ دونوں بڑی ہٹ ثابت ہوئیں ہیں۔

شہرہ آفاق فلم ’دیوداس‘ کا ایک منظر — فوٹو:آئی ایم ڈی بی

’ہم تمھارے ہیں صنم‘ جس میں دونوں خان تھے باکس آفس پر اچھی گئی لیکن سلمان کے ساتھ ’دل تیرا عاشق‘ کی ناکامی کا سارا بدلہ ’ہم آپ کے ہیں کون‘ سے سود سمیت واپس لیا۔

مادھوری وہ ہیروئن ہیں جن کا کیریئر خان ہیروز سے بھی مضبوط تھا اور وہ پہلی ہیروئن ہیں جنھوں نے سب سے پہلے ’خان گرینڈ سلام‘ اور پھر ’ڈبل خان گرینڈ سلام‘ مکمل کیا۔

کرشمہ کپور نے شاہ رخ اور عامر کے ساتھ ایک ایک فلم ہی کی ہے اور دونوں میں انھیں کامیابیاں ملی لیکن سلمان کے ساتھ کچھ فلمیں ہٹ کچھ بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

فلم ’قیامت سے قیامت تک‘  میں جوہی چاؤلہ اور عامر خان کا منظر — فوٹو:پن پریسٹ

جوہی چاؤلہ نے بھی شاہ رخ اور عامر کے ساتھ خوب جوڑی بنائی ’قیامت سے قیامت تک‘ سے ’عشق‘ ہو یا ’راجو بن گیا جنٹل مین‘ سے ’پھر بھی دل ہے ہندوستانی‘ زیادہ ہٹ ہیں لیکن سلمان کو انھوں نے ناراض کیا دونوں ایک بار صرف ’دیوانہ مستانہ‘ میں ساتھ نظر آئے لیکن اس فلم میں سلمان نے بطور مہمان اداکار کے طور پر کام کیا تھا۔

کترینہ کیف ’یوراج‘ میں تو سلمان کے ساتھ فلاپ ہوئیں لیکن ’میں نے پیار کیوں کیا‘ اور ’ایک تھا ٹائیگر‘ دونوں بڑی ہٹ گئیں جب کہ شاہ رخ کے ساتھ کترینہ کی ’جب تک ہے جان‘ کامیاب گئی اور عامر کے ساتھ ’دھوم تھری‘ کی دھوم تو اب تک باکس آفس پر بج رہی ہے۔

اکشے کمار کی بیگم ٹوئنکل کھنہ کا تینوں خانز کے ساتھ’میلہ‘ کچھ جم نہیں سکا، ’بادشاہ‘ ناکام ہوئی یہی حال کچھ ’جب پیار کسی سے ہوتا ہے‘ کا ہوا لیکن بعد میں یہ فلم ’ریکور‘ کرگئی لیکن بڑی ہٹ نہیں ہوسکی۔

ڈمپل گرل پریٹی زنٹا کا سفر بھی شاہ رخ کی ’دل سے‘ سے شروع ہوا اور سلمان کے ساتھ بھی چار فلمیں کیں جس میں ان کی کامیابی کا ریٹ ففٹی ففٹی رہا ہے۔

فلم ’ویر زارا‘ کا ایک منظر —فوٹو:اسکوپ

عامر کے ساتھ ’دل چاہتا ہے‘ سپر ہٹ اور شاہ رخ کے ساتھ بھی سوائے  ’دل سے‘ کے سب فلمیں کامیاب ہوئیں جن میں ’کل ہو نا ہو‘ اور  ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ شامل ہیں۔

آج کل کی ٹاپ ہیروئن میں صرف ’دیسی گرل‘ پریانکا اور دیپیکا ہیں جن کے ’خان چیپٹرز‘ ابھی تک مکمل نہیں ہوسکے ہیں کیوں کہ پریانکا کو ابھی تک عامر خان نے گلے نہیں لگایا تو دوسری طرف دیپیکا کو عامر خان اور سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ہی نہیں ملا۔

اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں:



مزید خبریں :