Time 05 دسمبر ، 2017
پاکستان

کوئٹہ میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

— فوٹو:فائل

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دسمبر کے مہینے میں شدید سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور آج درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

کوئٹہ اور قلات سمیت شمالی اور وسطی بلوچستان کے مختلف علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

صوبائی دارالحکومت میں آج کم سےکم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جبکہ قلات میں کم سےکم درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں دسمبر کے مہینے میں تقریباً 10 سال بعد درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک گرا ہے جب کہ قلات میں آج 13 دسمبر 1986کے بعدسب سےکم درجہ حرارت ہے۔

زیارت میں بھی آج کم سےکم درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

دوسری جانب ڈائریکٹر موسمیات ڈاکٹر عظمت حیات کے مطابق آئندہ چندروز تک سردی کی شدت برقرار رہنےکا امک​ان ہے جبکہ کوئٹہ، زیارت اور قلات میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔

ڈاکٹر عظمت کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں 21 اور 22 دسمبر کو ہلکی بارش کا بھی امکان ہے تاہم ایک ہفتے بعد سردی کی شدت میں کمی آجائے گی۔

دوسری جانب کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافے کے بعد کراچی میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں اور شہریوں نے گرم کپڑے، سوپ اور مشروبات کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

مزید خبریں :