Time 09 دسمبر ، 2017
پاکستان

نواز شریف اور مریم نواز نے وطن واپسی مؤخر کردی

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے پاکستان واپسی چار روز کے لیے مؤخر کردی ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز نے شیڈول کے مطابق 10 دسمبر بروز اتوار کو پاکستان پہنچنا تھا لیکن آئندہ ہفتے کلثوم نواز کے مزید ٹیسٹ کی وجہ سے دونوں اب جمعرات کو وطن واپس پہنچیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز آج لندن برج اسپتال سے گھر منتقل ہو گئی ہیں اور آئندہ ہفتے ان کے مزید کچھ ٹیسٹ ہوں گے جس کے دوران مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کو کیمو تھراپی کے تیسرے سیشن کے بعد سی ٹی اسکین اور گلے کے ٹیسٹ کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں کیمو تھراپی کے علاج کا جائزہ لینے کے لیے ان کے ٹیسٹ لیے گئے۔

خیال رہے کہ نیب عدالت سے حاضری سے استثنیٰ حاصل کرنے کے بعد نواز شریف لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

سابق وزیراعظم نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی جس کے بعد انہیں 5 سے 12 دسمبر تک عدالت میں حاضری سے استثنیٰ حاصل ہے۔

گلے کے کینسر میں مبتلا کلثوم نواز کی لندن میں تین سرجریز ہو چکی ہیں۔

کلثوم نواز قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 میں انتخابات سے قبل ہی اپنے علاج کے سلسلے میں لندن کے لیے روانہ ہو گئی تھیں جب کہ انہوں نے اپنی غیر موجودگی میں الیکشن لڑ کر جیت بھی لیا تھا۔

مزید خبریں :