10 دسمبر ، 2017
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آکر پیسہ بنانا آسان ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ مغرب میں یہ قانون ہے کہ اقتدار میں آکر کوئی اپنی ذات کو فائدہ نہیں پہنچا سکتا۔
شیخوپورہ میں جسلہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے اقتدار میں آکر پیسہ بنایا اور خاندان کو امیر کیا۔
عمران خان کہنا تھا کہ آج ختم نبوتﷺ کی وجہ سے لوگ شریف خاندان اور ن لیگ کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جب چھٹی ملتی تھی وہ شاپنگ کرنے لندن جاتے تھے لیکن اس مرتبہ میلاد پر وہ خود چاول بانٹ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر مل کیس سامنے آئے گا تو پتہ چلے گا سارا ٹبر ہی چور ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جسٹس(ر) جاوید اقبال ساری قوم آپ کو دیکھ رہی ہے، سابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری قوم کا مجرم ہے اور اللہ نے موقع دیا تو قمر زمان چوہدری کو نہیں چھوڑیں گے کیوں کہ اس نے بڑے بڑے ڈاکوؤں کی چوری چھپائی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پہلے پاکستان کے حکمرانوں کی بیرون ملک عزت ہوتی تھی اور پاکستان سارے خطے کے لیے مثال بنا ہوا تھا لیکن اب جو ممالک پاکستان سے پیچھے تھے آگے نکل گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر پیسہ بنانا آسان ہے اور مغرب میں کوئی بھی اقتدار میں آکر پیسہ نہیں کماسکتا لیکن نواز شریف نے اقتدار میں آکر ہی پیسہ بنایا اور خاندان کو امیر کیا۔
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پیسہ بنانا چاہتا تو آسانی سے بنا سکتا تھا لیکن میں نے نہ ہی کسی رشتے دار کو کچھ بنانے دیا اور نہ ہی ان 4 سالوں میں کسی کو کوئی ملازمت دلوائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کے پی کے پولیس کی طرح سارے ادارے ٹھیک کریں گے اور یہ سب میرٹ کی وجہ سے ہی ہوسکتا ہے، بینک آف خیبر کو 2 سالوں میں منافع بخش بنا دیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر پیسا اکٹھا کرنا ہے تو ایف بی آر کو ٹھیک کرنا ہوگا لیکن وہاں بھی ایک مافیا بیٹھی ہے جو تبدیلی نہیں آنے دیتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس ملک کو ٹھیک کرنے کے لیے 200 لوگ چاہئیں جن کی تلاش ابھی سے ہی شروع کردی ہے اور ملک کے ہر ادارے میں بہترین لوگ لگانے ہیں جس سے ملک ایک دم سے اوپر اٹھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس کرپٹ نظام کو ٹھیک کریں گے تو بیرون ملک پاکستانی یہاں سرمایہ کاری کریں گے جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا اور میرا وعدہ ہے یہ سب کرکے دکھاؤں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم نے اپنی اقلیتوں پر ایسا ظلم نہیں کرنا ہے جیسا بھارت میں اقلیتوں پر ہورہا ہے اور مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں ان کی حفاظت کرنی ہے۔