پاکستان
Time 18 دسمبر ، 2017

امریکا کشمیر پر بھارت کی زبان بول رہا ہے، مشیر قومی سلامتی

ناصر جنجوعہ کا تقریب سے خطاب

Posted by Geo News Urdu on Sunday, December 17, 2017


اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا ہےکہ امریکا بھارت کی زبان بول رہا ہے جب کہ امریکا اور بھارت کشمیر پر ایک ہی موقف رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں نیشنل سیکیورٹی پالیسی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا، لیکن دنیا نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کےخطرناک عزائم کو شکست دی، آج شرپسند ہتھیار ڈال رہے ہیں، آج جیوےجیوے بلوچستان کے ساتھ جیوےجیوے پاکستان کےنعرے لگ رہےہیں۔


ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو مستقل طور پر روایتی جنگ کی دھمکی دے رہا ہے، امریکا بھارت کی زبان بول رہا ہے جب کہ امریکااور بھارت کشمیر پر ایک ہی موقف رکھتے ہیں۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ بھارت کو افغانستان میں کردار دے دیا گیا، پاکستان کو سنگین دھمکیاں دی گئیں اور بھارت کو پاکستان پر ترجیح دی گئی جب کہ امریکا سی پیک کی مخالفت بھی کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں استحکام اولین ترجیح ہونی چاہیے، امریکا افغانستان میں شکست کاالزام پاکستان پر لگا رہا ہے، امریکا پاکستان پر حقانی اور طالبان کا ساتھ دینے کا الزام لگاتا ہے جب کہ پاکستان میں دہشت گردی امریکااورمغرب کاساتھ دینے پرہوئی۔

ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان مزید مضبوط ہورہے ہیں، بھارت ہتھیاروں کا ذخیرہ کررہا ہے، چین اور روس سے مقابلے کے لیے امریکا خطے میں عدم توازن پیدا کررہا ہے، جنوبی ایشیا کی سلامتی دباؤ میں ہے۔

مزید خبریں :