Time 21 دسمبر ، 2017
پاکستان

این سی اے اجلاس، ہمسایہ ممالک کی مخالفانہ کارروائیوں پر تشویش


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران ہمسایہ ممالک کی مخالفانہ کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق اجلاس میں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے ہمسایہ ملک کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء نے اتفاق کیا کہ بڑے پیمانے پر اسلحہ بنانا اور خطےکو جوہری بنانا عدم استحکام کا باعث ہے۔

شرکاء نے جوہری سیکیورٹی نظام کے مکمل محفوظ ہونے پر اطمیان کا اظہار کی اور کہا کہ پاکستان اپنے تحفظ کے لیے کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھےگا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، چیف آف سیئر اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف، وزیر داخلہ احسن اقبال سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نیشنل اسپیس پروگرام 2047 اور نیوکلیئر پاور پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا کہنا ہے اسٹریٹجک فورسز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

اجلاس کے دوران کہا گیا کہ پاکستان کی جوہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی نظام موجود ہے، پاکستان ذمہ دار ریاست کے طور پر جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی قوانین کی پاسداری اور انہیں موثر بنانے میں کردار اداکرتا رہےگا۔

آئی ایس پی آر نے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان کے ایکسپورٹ کنٹرول اقدامات بین الاقوامی قوانین کے مطابق جامع ہیں، پاکستان این ایف جی سمیت ایٹمی عدم پھیلاؤکے کئی اداروں کی سند رکھتا ہے، پاکستان چاہتا ہے اس کے ساتھ غیرجانبدارانہ برتاؤ روا رکھا جائے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے نیشنل اسپیس پروگرام2047 اور نیوکلیئر پاور پروگرام کی منظوری بھی دے دی، دونوں پروگرام نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھےگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو اسٹریٹجک صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔

پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے ہمسایہ ملک کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ہمسایہ ملک کی جانب سے بڑے پیمانے پر اسلحہ کی تیاری، بحرہند کو جوہری بنانا، بیلسٹک میزائل کی تیاری اور تنصیب جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کے نئے میزائل بابر تھری اور میزائل سسٹم ابابیل کے کامیاب تجربے کو سراہا ۔

اتھارٹی نے کہا پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی کا خواہش مند ہے اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کے لیے ہمسایوں سے مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے صحت، زراعت، ادویات اور انڈسٹری کے شعبوں میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اس حوالے سے تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ اس سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ 

مزید خبریں :