Time 23 دسمبر ، 2017
پاکستان

کراچی: ڈپارٹمنٹل اسٹور میں فیومیگیشن کے باعث ملازم جاں بحق

نوجوان یحییٰ کے والد کا 3 سال قبل انتقال ہوچکا ہے اور وہ گھر کا واحد کفیل تھا—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور میں فیومیگیشن کے باعث ایک ملازم جاں بحق جبکہ آٹھ کی حالت غیر ہوگئی۔

گزشتہ شام نارتھ ناظم آباد میں واقع ایک ڈپاٹمنٹل اسٹور میں چوہوں کو مارنے کے لیے کرائی گئی فیومیگیشن سے متعدد افراد کی حالت خراب ہوئی۔

بعدازاں متاثرہ افراد میں سے ایک 24 سالہ نوجوان یحییٰ دوران علاج دم توڑ گیا۔

یحییٰ کے والد کا 3 سال قبل انتقال ہوچکا ہے اور وہ گھر کا واحد کفیل تھا۔

حیدری تھانے کے افسر خالد مغل نے بتایا کہ جاں بحق نوجوان کے ماموں کی جانب سے پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد اسٹور کے مینیجر واصف اور فیومیگیشن کرنے والے افراد سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسٹور کے مینیجر واصف نے میڈیا کو بتایا کہ فیومیگیشن معمول کے مطابق جمعرات کی رات کو ہوتی ہے اور جمعے کے دن اسٹاف کے  آنے  سے پہلے ہی صفائی کرادی جاتی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ تمام تر کارروائی کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔

مزید خبریں :