04 جنوری ، 2018
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جھوٹی خبریں نشر کرنے پر دو نجی نیوز چینلوں کو قانونی نوٹس جاری کردیا۔
شہباز شریف کا قانونی نوٹس مصطفیٰ رمدے ایڈووکیٹ کی جانب سےجاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ان چینلوں نے شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب پرجھوٹی خبریں نشر کیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن کی بے بنیاد خبریں چلائی گئیں، جن کی وجہ سے شہباز شریف کی شہرت کو نقصان پہنچا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر 14 روز میں نوٹس کا جواب نہ دیا تو قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ان دونوں چینلز نے شریف برادران پر الزامات لگائے تھے کہ کرپشن کے الزام میں گرفتار سعودی شہزادوں کی تفتیش کے حوالے سے شریف برادران کو پوچھ گچھ کے لئے سعودی عرب بلایا گیا ہے۔