پاکستان
Time 04 جنوری ، 2018

پاکستان امریکا کی لاجسٹک سپورٹ بند کرے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹ کے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان خود کو امریکا سے الگ کرے اور اس کی فضائی اور لاجسٹک سپورٹ بند کردے۔

ایک اعلامیے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آگے بڑھنے کے لیے چین، روس اور ایران سے ملا جائے۔

عمران خان نے ملکی خارجہ پالیسی تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے الزامات پاکستانی قوم اور ریاست کی توہین کی کوشش ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے امریکا کا اضافی سفارتی اور غیر سفارتی عملہ نکال دیا جائے۔

خیال رہے کہ عمران خان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکی صدر کی جانب سے نئے سال کی شروعات پر ہی پاکستان مخالف ٹوئٹ کی گئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دیکر حماقت کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی امداد کے بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے امریکی صدر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی امداد کے لیے نہیں بلکہ ملک میں امن قائم کرنے کے لیے لڑی۔

بعدازاں وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے کہا تھا کہ پاکستان سے مطالبات کی نئی فہرست کا اعلان 24 سے 48 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔

سارا سینڈرز کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان کی 255 ملین ڈالرز (25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر) یعنی 28 ارب روپے کی فوجی امداد پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی ایچ آر مک ماسٹر نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان، طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے جو پاکستان سے باہر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکا نے کوئی کارروائی کی تو اس کا جواب عوامی امنگوں کے مطابق دیا جائے گا۔

مزید خبریں :