Time 05 جنوری ، 2018
پاکستان

کراچی: معروف شیف زبیدہ طارق کو سپردخاک کردیا گیا

—فائل فوٹو۔

کراچی: معروف شیف، میزبان اور ماہر امور خانہ داری زبیدہ طارق کو سپرد خاک کردیا گیا۔

زبیدہ طارق کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی معروف مصنف انور مقصود نے کی انہوں نے بتایا کہ ان کی بہن کچھ عرصے سے علیل تھیں۔

زبیدہ طارق کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ ڈیفنس کی سلطان مسجد میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

زبیدہ طارق کا جسدِ خاکی آخری آرام گاہ لے جایا جارہا ہے، اسکرین گریب/ جیونیوز

زبیدہ طارق کی نماز جنازہ میں ادب اور شوبز کی شخصیات سمیت دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

زبیدہ آپا کے نام سے مشہور زبیدہ طارق 4 اپریل 1945 کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئیں، 1947 میں تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا۔

زبیدہ طارق کی شہرت کی ایک وجہ اُن کے وہ ٹوٹکے بھی تھے جو وہ اپنے ٹی وی پروگرامز کے دوران ناظرین کو بتایا کرتی تھیں۔

انہوں نے دو دہائیوں قبل کوکنگ ایڈوائزر کی حیثیت سے شوبز میں قدم رکھا اور اپنے کوکنگ شوز کے ذریعے مقبولیت حاصل کی۔

زبیدہ طارق جس خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اس کا حصہ پاکستان کی مایہ ناز مصنفہ فاطمہ ثریا بجیا، منفرد لہجے کی شاعرہ زہرہ نگاہ اور ہر خاص و عام میں مقبول قلمکار، شاعر، مزاح نگار، مصور اور اداکار انور مقصود بھی ہیں۔

مزید خبریں :