پاکستان
Time 19 جنوری ، 2018

پرویز-نثار لفظی جنگ: شہباز شریف کی سابق وزیر داخلہ کی حمایت


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں پرویز رشید اور چوہدری نثار کے درمیان لفظی جنگ میں اپنی حمایت کا وزن سابق وزیر داخلہ کے پلڑے میں ڈال دیا۔

ایک سینئر صحافی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار پارٹی کےسینئر رہنما ہیں، پرویز رشید کو میڈیا پر بعض باتیں کرنے سے گریز کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر نواز شریف سے درخواست کی کہ دونوں رہنماؤں کو ایک ساتھ بٹھا کر اس معاملے کا فیصلہ کیا جائے۔

وزیر اعلی پجاب کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے تمام عہدیدار، رہنما اور کارکن نواز شریف کی قیادت میں متحدہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی عہدیداروں میں اختلاف کسی سیاسی جماعت کیلیے غیر معمولی بات نہیں۔

ن لیگ کے سینئر رہنما آمنے سامنے

رواں ماہ کے آغاز میں مسلم لیگ ن کے دو سینئر رہنماؤں چوہدری نثار اور پرویز رشید کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی۔

سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں چوہدری نثار پر کڑی تنقید کی جس کے جواب میں چوہدری نثار نے بھی انہیں کھری کھری سنادیں۔

چوہدری نثار کے جواب پر منگل کے روز جوڈیشل کمیشن کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے ایک بار پھر چوہدری نثار کو نشانے پر لیا اور کڑی تنقید کی۔

پرویز رشید کے بیان پر چوہدری نثار کے ترجمان کی جانب سے جاری رد عمل میں کہا گیا ہے کہ ڈان لیکس کمیٹی نے پرویز رشید کے مسلسل جھوٹ کی نشاندہی کی اور انہیں حقائق چھپانے کا ذمہ دار قرار دیا۔

ترجمان چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پرویز رشید غلط بیانی اور خوشامد سے پارٹی کے سیاسی ارسطو بنے ہیں، وہ مسلسل غلط بیانی اور خوشامد کے عادی ہیں۔

مزید خبریں :