Time 13 فروری ، 2018
پاکستان

لودھراں کے عوام نے عمران خان کی ’یو ٹرن‘ سیاست کو مسترد کردیا، احسن اقبال

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ این اے 154 کے ضمنی الیکشن میں لودھراں کے عوام نے عمران خان کی یو ٹرن کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

لندن میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں خطاب کے بعد جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ لودھراں کے الیکشن نے عام انتخابات کا “ٹرینڈ سیٹ” کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نےعمران خان کی منفی اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، لودھراں میں علی ترین کی ناکامی عمران خان کی شکست ہے۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں ضمنی الیکشن کا نتیجہ عوام کا مسلم لیگ (ن) کی ترقی پسند سیاست پر اعتماد کا اظہار ہے جب کہ لودھراں کے عوام نے عمران خان کی یو ٹرن کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

احسن اقبال نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چاہے وہ موروثی سیاست کی بات ہو یا پھر کوئی اور مسئلہ ہو، چیئرمین تحریک انصاف ہمیشہ اپنے وعدے کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ لودھراں کے ووٹرز نے بھی انہیں مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دیکھ لیا ہے کہ ہم نے گزشتہ 4 سالوں میں لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پایا، معاشی صورت حال بہتر کی اور سیکیورٹی کی صورت حال میں بھی بہتری آئی۔

’نہیں سمجھتا کہ چوہدری نثار (ن) لیگ چھوڑ کر جائیں گے‘

چوہدری نثار کی جانب سے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کے حوالے سے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وہ ایک سینئر سیاستدان ہیں اور اپنے اچھے اور برے کے بارے میں جانتے ہیں، ان کے حوالے سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چوہدری نثار کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ چوہدری نثار (ن) لیگ کو چھوڑ کر جائیں گے۔

قبل ازیں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان نے پچھلے چند سالوں میں سماجی اور معاشی سطح پر بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

’مودی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا نہیں چاہتی‘

بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسائے ملک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے لیکن نریندر مودی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنا نہیں چاہتی۔

احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات کی بحالی کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف نے بہت قیمت ادا کی اور ان کے خلاف سنگین قسم کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کو ڈرا دے گا تو بطور قوم ہمیں یہ منظور نہیں ہے، ہمیں ایک دوسرے کی عزت کرنے کی ضرورت ہے۔

اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک چین کے ون بیلٹ ون روڈ کا ایک اہم جزو اور پاکستان کو 2025 تک خطے سے ملانے کا وژن ہے۔

مزید خبریں :