پاکستان
Time 22 فروری ، 2018

پاناما میں پکڑا گیا وزیراعظم آج باہر سے مدد لے رہا ہے، عمران خان


لاہور:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما میں پکڑا گیا وزیراعظم آج باہر سے مدد لے رہا ہے جب کہ حکمراں جماعت کی جانب سے باہر بیٹھی ایک طاقت کو خوش کرنے کے لئے ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم لائی گئی۔

لاہور میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 'کیا وجہ تھی کہ موجودہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) نے خفیہ طور پر حلف نامے کو بدلا جب کہ  دو دفعہ وزیر قانون نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا کہ ہم نے کوئی تبدیلی نہیں کی'۔

عمران خان نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے خفیہ طور پر ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کیوں کی گئی، قوم بھولے گی نہیں اور قوم راجہ ظفر الحق کی رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔ 

چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ حلف نامے میں تبدیلی کے معاملے پر جب یہ پکڑے گئے تو معافی مانگی اور کمیٹی بنائی، راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد فیصلہ ہوگا کہ کیا رپورٹ میں سازش کرنے والوں کی نشاندہی کی گئی یا نہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور نریندر مودی خفیہ میٹینگ کرتے ہیں ، کون سے ملک کا وزیراعظم ایسی حرکتیں کرتا ہے اور کیا وجہ ہے کہ جو سازش ہے وہ سامنے نہیں آئی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اسلامی ریاست میں طاقتور کو عدالت سزا دیتی تھی تو کوئی یہ نہیں کہتا تھا کہ مجھے کیوں نکالا، انگریزوں نے یہاں تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی بنائی اور انصاف کی وجہ سے جب برکت آئی تو مسلمانوں نے دنیا پر حکومت کی۔

عمران خان نے کہا کہ غریب اور دکھی لوگوں کے لیے یہ ملک بنا تھا اور اس ملک کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا لیکن پاکستان ایک چھوٹے سے طبقے کے لیے ملک بن گیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کرپٹ نظام کی وجہ سے ملک پیچھے جارہا ہے، لوگ نوکریاں ڈھونڈنے باہر جاتے ہیں اور راستوں میں مرجاتے ہیں، اللہ نے ہمیں انسانوں کی خدمت کے لیے پیدا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوقاف کی زمینوں پر لوٹ مار اور قبضے ہورہے ہیں، ان زمینوں پر عمارتیں بناکر غریبوں کی مدد کرسکتے تھے۔

مزید خبریں :