26 اپریل ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے پانی ضائع کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں ہوئی۔
عدالت نے پانی کے بچاؤ کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کو حکم دیا کہ پانی ضائع کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کریں۔
عدالت نے اسکول کے بچوں کے ساتھ صفائی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھر صرف وہ نہیں جہاں ہم رہتے ہیں، یہ سارا ملک ہمارا گھر ہے، یکم مئی یوم مزدور پر بچے والدین کے ساتھ صفائی مہم شروع کریں، کس قدر زیادتی ہے کہ مزدور یکم مئی کو مزدوری کرتا ہے اور ہم چھٹی مناتے ہیں۔
وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ جوہر ٹاؤن کے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیاں بھی ہو رہی ہیں، لوگوں نے گھروں کو بینک اور کیفوں کو کرائے پر دے رکھا ہے، ایل ڈی اے آپریشن کرنا چاہتا ہے اور غیر قانونی سرگرمیاں ہٹانا چاہتا ہے، کیفے مالکان حکم امتناعی لے آتے ہیں جس پر محکمہ کارروائی نہیں کر سکتا، جس پر لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ محکمہ متعلقہ عدالت میں جاکر حکم امتناعی ختم کروائے۔
عدالت نے کہا کہ پہلے شاپنگ بیگ گھر سے لے کر جاتے تھے اب بھی لے کر جائیں، تمام ڈی سیز کو ہدایت جاری کی جائے کہ پلاسٹک بیگ تلف کرنے کا طریقہ کار بنایا جائے، ایک ضلع کا ڈپٹی کمشنر اگر کچھ کرنا چاہیے تو انقلاب آ جائے، مجھے تو سمجھ نہیں آتی کہ یہ ڈپٹی کمشنر کرتے کیا ہیں، ڈپٹی کمشنر بہت طاقتور ہے صرف باہر نکل کر دیکھ لے کہ ہو کیا رہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔