03 فروری ، 2012
لاہور … وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ ایٹمی پروگرام محفوظ رکھاجائے یا اغیار کی امداد لے کر بھکاری بنے رہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں بک فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 64 سال اپنی انا، خود داری اور سلامتی پر سمجھوتہ کرتے رہے اور دوسروں کے آگے کشکول اٹھائے رکھا۔ پاکستان نے ایٹمی طاقت بڑی قربانیوں سے حاصل کی جس کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اپنے پاوٴں پرکھڑے ہو کر غربت اور جہالت سے باہر آنا ہوگا، ایسے کتاب میلے نئی نسل کو روشنی اور راستہ دکھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ علم ایک ایسی دولت ہے جو نہ کوئی چھین سکتا ہے اور نہ کوئی ترقی کا راستہ روک سکتا ہے۔