22 جولائی ، 2012
براسیلیا…برازیل کے ساحل پر سو سے زائد پینگوئن مردہ پائی گئیں۔ ماہرین کے مطابق سمندر میں بڑھتی آلودگی اور گندگی نے ان خوبصورت پرندوں کی جان لی ہے ۔سمندر کی لہروں کے ساتھ برازیل کے ساحل پرآنے والی پینگوئن کی لاشوں نے سائنسدانوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سمندروں میں بڑھتی ہوئی آلودگی سے آبی حیات کو شدید خطرات لاحق ہے۔ ماہرین کے مطابق لاطینی امریکا کے مختلف ملکوں سے ہجرت کرکے آنے والی پینگوئن سمندر میں پھینکی جانی والی پلاسٹک کی اشیا کو غذا سمجھ کر کھالیتی ہیں جس سے ان کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ جہازوں سے گرایا جانے والا خام تیل بھی ان کی ہلاکت کی وجہ بنتاہے ۔تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے مردہ پینگوئنوں کا کیمیائی تجزیہ کرایا جائے گا۔