پاکستان

مسلم لیگ (ن) کے ارکان کو نامعلوم کالز آنے کا انکشاف، ذرائع

فوٹو: فائل

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کےارکان نے نامعلوم کالز کے ذریعے مخصوص ہدایات ملنے کا انکشاف ہواہے۔

جیونیوز کےمطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پارٹی کےرکن رمیش کمار نے انکشاف کیا کہ بعض نامعلوم کالر مخصوص ہدایات جاری کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رمیش کمار نے بتایا کہ ماضی میں پارٹی صدر کے انتخاب کے دوران بھی ایسی کالز آئیں اور سینیٹ الیکشن میں بھی اس قسم کی کالز آسکتی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم کالز کے تذکرے پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اب کوئی نامعلوم کال کرے تو مجھے بتائیں، میری اعلیٰ سطح پر اس حوالے سے بات ہوئی ہے، اب اگر کوئی نامعلوم کال کرےگا تو اسے بھگتنا پڑے گا‘۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی سیاست میں اب نامعلوم کالز کا سلسلہ نہیں چلے گا اور اس سلسلے کو اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران جب مشاہد حسین سید اور اسد جونیجو کا بطور امیدوار تعارف کرایا گیا تو (ن) لیگ کے رکن حامد حمید نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سے حلف لیاجائے کہ یہ نوازشریف کومشکل میں نہیں چھوڑیں گے، نوازشریف پارٹی صدر ہوں یانہ ہوں، یہ حلف دیں کہ ان کے ساتھ رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ حامد حمید کے بیان پر (ن) لیگ کے ارکان نے تو خوشی کا اظہار کیا لیکن مشاہد حسین سید اور اسد جونیجو اس مطالبے پر حیران رہ گئے۔

مزید خبریں :