Time 02 مارچ ، 2018
کھیل

سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے ننھے ’وسیم اکرم‘ کو جیو نیوز نے ڈھونڈ نکالا


گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے ننھے ’وسیم اکرم‘ کو جیو نیوز نے ڈھونڈ نکالا جس کی عمر صرف 6 سال اور وہ چیچہ وطنی کا رہائشی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تیسری جماعت کے طالب علم حسن اختر نے کہا کہ بڑے ہوکر وہ کرکٹر بننا چاہتے ہیں اور وسیم اکرم ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

اس سوال پر کہ اگر وسیم اکرم ان کی کوچنگ کریں، اس کے جواب میں حسن کا  کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے خوش قسمتی کی بات ہوگی۔

8 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے حسن اختر نے بتایا کہ وہ روزانہ تین سے چار گھنٹے گھر پر پریکٹس کرتے ہیں۔

تیسری جماعت کے بچے کا کہنا تھا کہ انہیں بیٹنگ کا شوق نہیں، صرف بولنگ کرتے ہیں اور ان کی عمر سے بڑے کھلاڑی ابھی ان کی بولنگ سے ڈرتے ہیں اور وہ انہیں آؤٹ بھی کرلیتے ہیں۔

بچے کی ویڈیو گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کا بولنگ ایکشن وسیم اکرم سے بے انتہا ملتا جلتا ہے۔

ویڈیو میں دوسرے اینڈ پر ایک اسٹمپ بھی دیکھی جاسکتی ہے جسے یہ بچہ کئی مرتبہ ہٹ کرتا ہے جس سے اس کی مہارت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ’یہ بچہ کہاں ہے؟ ہماری قوم کی رگوں میں بہترین قسم کا ٹیلنٹ دوڑ رہا ہے تاہم ایسا کوئی پلیٹ فارم موجود نہیں جہاں ان بچوں کو شناخت مل سکے۔ وقت آگیا ہے کہ ہم اس بارے میں کچھ کریں۔‘







جیو نیوز سے گفتگو میں وسیم اکرم نے کہا کہ بچے کو کھیل کے ساتھ پڑھائی بھی توجہ دلانی ہوگی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستانی اس باصلاحیت بچے کو اسپانسر کرنے کے لیے تیار ہوجائیں گے۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے بچے کی بولنگ کی زبردست انداز میں تعریف کی جو اس کم عمر میں اس مہارت سے بال کو سوئنگ اور اسٹمپس کو ہٹ کررہا ہے کہ کئی بین الاقوامی کرکٹرز بھی ایسا نہ کرپائیں۔

مزید خبریں :