نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہوسکتے: صدر (ن) لیگ شہبازشریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہوسکتے۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نےکہا کہ 'ہمارے لیڈر نواز شریف سے زیادتی ہوئی ہے، لیکن وہ دن ضرور آئے گا جب سابق وزیراعظم نواز شریف سے کی گئی زیادتی کا ازالہ ہوگا، وہ دن ضرور آئے گا جب نواز شریف کو انصاف ملے گا'۔

شہباز شریف نے کہا کہ 'نواز شریف کو قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دیا جاسکتا ہے'۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے سیاسی حریفوں عمران خان اور آصف علی زرداری کے مبینہ گٹھ جوڑ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہوسکتے'۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 'کیسی ہی ساز باز ہو، کیسی ہی جعلسازی کیوں نہ ہو، لیکن ہمیں اپنے اوپر کامل یقین ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں معاشرے میں غریب اور امیر کے فرق کی بنیاد پر خطرناک صورتحال کو ختم کرنا ہے'۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا، جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد تھی۔

اجلاس کے آغاز کے موقع پر کچھ بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی اور کارکنان نے ہال کے دروازے اور ایک واک تھرو گیٹ کو بھی توڑ دیا جبکہ دھکم پیل کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے تقریباً 10 کارکنان بھی زخمی ہوئے۔

شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر منتخب

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر منتخب ہوگئے۔ 

سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب کیا تھا جب کہ مستقل صدر کا انتخاب آج جنرل کونسل اجلاس میں کیا گیا۔

شہباز شریف کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار کی جانب سے  پارٹی الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر منتخب ہوگئے تاہم اس کی توثیق جنرل کونسل اجلاس میں ہوئی۔

مزید خبریں :