Time 16 مارچ ، 2018
پاکستان

سوات میں دھڑ جڑے بچوں کی پیدائش، والدین علاج کیلئے پریشان

پولیس کانسٹیبل فضل کرم کے گھر جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، جن کے دھڑ جڑے ہوئے ہیں—۔جیو نیوز اسکرین گریب

سوات میں دھڑ جڑے بچوں کی پیدائش کے بعد والدین علاج کے لیے پریشان ہیں اور ایک سے دوسرے اسپتال میں چکر لگا رہے ہیں۔

ڈاکٹروں نے علاج کی نوید تو سنائی لیکن غریب والدین بیرون ملک مہنگا علاج کرانے سے قاصر ہیں۔

سوات کے شہر مینگورہ کے نواحی علاقے کوکارئی میں پولیس کانسٹیبل فضل کرم کے گھر جڑواں بچوں کی پیدائش ہو ئی جن کے دھڑ جڑے ہوئے ہیں۔

بچوں کوابتدائی طور پر نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچوں کی جان بچانے کے لیے فوری طور پر سرجری کی ضرورت ہے جو بیرون ملک ہی ممکن ہے۔

چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر نعیم اللہ کہتے ہیں کہ 2 لاکھ بچوں میں سے ایک بچہ ایسے ہی پیدا ہوتا ہے۔

فضل کرم نے حکومت سے اپنے بچوں کے علاج میں مدد کی اپیل کی ہے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان بچوں کی سرجری سنگاپور اور برطانیہ میں ممکن ہے اور سرجری میں کئے گھنٹے یا دن لگ سکتے ہیں۔

بچوں کے والد فضل کرم کی آنکھوں سے بے بسی جھلکتی ہوئی دکھائی دیتی ہے، وہ اپنے پھولوں جیسے بچوں کا علاج کروانا چاہتے ہیں۔

فضل کرم نے حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ ان کے بچوں کے علاج میں ان کی مدد کی جائے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کامیاب سرجری کے بعد یہ بچے بھی خوشگوار زندگی گزار سکتے ہیں۔

مزید خبریں :