انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 115 روپے 14 پیسے کا ہوگیا

کراچی:اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے جو 116 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا جب کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 14 پیسے کا اضافہ ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 14 پیسے اضافے پر بند ہوئی اور ڈالر کی شرح تبادلہ کاروبار کے اختتام پر 115 روپے 14 پیسے رہی۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق مارکیٹ میں پیسے کی قدر میں کمی آرہی ہے اور ڈالر مسلسل اوپر کی طرف جارہا ہے جس کی اوپن مارکیٹ میں قیمت 116 روپے ہوگئی۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 116 روپے کا ہونے کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں اس کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا س کےبعد ڈالر 115 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔

صدر فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں یورو 3روپے مہنگا ہوکر 140روپے 50 پیسےپرپہنچ گیا جب کہ برطانوی پاؤنڈ 4 روپے مہنگا ہوکر 160 روپےکا ہوگیا ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال 80 پیسے مہنگا ہوکر 30.60 روپے پرپہنچ گیا جب کہ متحدہ عرب امارات کا درہم  70 پیسےمہنگا ہوکر 31.20 روپےکاہوگیا۔

معاشی تجزیہ کار

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بیرونی قرض بڑھ گیا ہے اور 8 ہزار ایک سو ارب سے تجاوز کر گیا ہے۔

معاشی تجزیہ کار اسد رضوی کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافے کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر دباؤ کا شکار ہیں اور بیرونی قرض اور دیگر ادائیگوں پر ہفتہ وار 20 سے 25 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے۔

معاشی تجزیہ کار مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ ڈالر کی اونچی اڑان کے بعد مہنگائی کا دور شروع ہوگا، گاڑیاں اور دیگر چیزیں مہنگی ہوں گی۔

تجزیہ کار محمد سہیل کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے سے لوکل انڈسٹری کو سپورٹ ملے گی تاہم اس سے پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :