Time 26 مارچ ، 2018
سائنس و ٹیکنالوجی

ڈیٹا لیکس: فیس بک کے پاس موجود ذاتی ڈیٹا کے بارے میں جاننا بہت آسان

حال ہی میں فیس بک ڈیٹا لیکس اور امریکی صدارتی الیکشن میں صارفین کی ذاتی معلومات استعمال ہونے کی رپورٹس کے بعد اکثر لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ کے پاس ان کا کتنا ڈیٹا موجود ہے؟

تو یہ جاننا کچھ زیادہ مشکل نہیں ہے بلکہ آپ فیس بک کے پاس موجود اپنا ڈیٹا خود بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

اس کے لیے کرنا آپ نے یہ ہے کہ بس فیس بک لاگ اِن کرکے 'سیٹنگ' میں جائیں، وہاں سے 'جنرل اکاؤنٹ سیٹنگز' میں جائیں اور سب سے نیچے موجود آپشن 'ڈاؤن لوڈ آ کاپی آف یور فیس بک ڈیٹا' پر کلک کریں۔

پھر اپنا ای میل ایڈریس اور پاس ورڈ ڈالیں اور آپ کا تمام ڈیٹا آپ کے پاس آجائے گا اور اس طرح آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ فیس بک کے پاس آپ کی کتنی ذاتی معلومات موجود ہیں۔

اسکرین گریب—۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق برطانوی الیکشن کنسلٹنسی فرم کیمبرج اینالیٹیکا نے کروڑوں فیس بک صارفین کی ذاتی معلومات حاصل کرکے اسے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کیا۔

اس حوالے سے برطانوی اور یورپی ادارے فیس بک اور کیمبرج اینالیٹیکا کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا 2016 میں امریکی صدارتی انتخاب میں ٹرمپ کی کامیابی اور برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے ہونے والے ریفرنڈم 'بریگزٹ' کو ممکن بنانے کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کا ڈیٹا چوری کرکے نتائج کو متاثر کیا گیا۔

اس حوالے سے دونوں کمپنیوں کی جانب سے کسی بھی غلط کام کی تردید کردی گئی ہے۔

دوسری جانب بانی فیس بک مارک زکربرگ نے بھی اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان تمام ایپلیکیشنز کی تحقیقات ہوں گی جو 2014 سے قبل دستیاب تھیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کیمبرج انالیٹیکا اسکینڈل کے بعد مزید حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے اور صارفین کا اعتماد بحال کیا جائے گا۔

گذشتہ روز مارک زکربرگ کی جانب سے 7 برطانوی اور 3 امریکی اخباروں میں معافی نامے پر مشتمل فل پیج اشتہار بھی شائع کروایا جاچکا ہے۔



مزید خبریں :