لاہور:سروسز اسپتال میں جھگڑا، گارڈز کے تشدد سے مریضہ کا بھائی جاں بحق


لاہور کے سروسز اسپتال میں لواحقین اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں مریضہ کا بھائی جاں بحق جبکہ سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کرن نامی مریضہ کو اسپتال کے گائنی وارڈ لایا گیا تھا جہاں لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ تلخ کلامی پر سیکیورٹی گارڈ اور لواحقین میں جھگڑا ہوگیا۔

جھگڑے کے نتیجے میں مریضہ کا بھائی سنیل شدید زخمی ہوگیا، جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں ہی دم توڑ گیا۔

جھگڑے کے دوران جاں بحق ہونے والا نوجوان سنیل—۔جیو نیوز اسکرین گریب

جھگڑے میں نواز نامی ایک سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا، جس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

مقتول سنیل صدر کا رہائشی اور موٹروے پولیس کا کانسٹیبل بتایا جاتا ہے۔

پولیس نےسنیل کی موت کا مقدمہ اس کے بھائی کی مدعیت میں درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سروسز اسپتال میں تشدد سے مریضہ کے بھائی کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔

شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکریٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ذمے داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔


مزید خبریں :