پاکستان
Time 20 اپریل ، 2018

پنجاب کے مختلف شہروں سمیت بالائی علاقوں میں بارش، کوئٹہ میں برفباری

پنجاب کے مختلف شہروں سمیت بالائی علاقوں میں بارش۔ فوٹو: فائل

پنجاب کے مختلف شہروں سمیت بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ کوئٹہ شہر کے گرد و نواح میں پہاڑوں پر برفباری کے بعد موسم سرد ہوگیا۔

اسلام آباد، لاہور، ملتان اور ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف حصوں اور بالائی خیبر پختونخوا میں بارش ہوئی جب کہ چمن اور زیارت سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کوئٹہ شہر کے گرد و نواح میں پہاڑوں پر گزشتہ رات برفباری ہوئی جب کہ وادی ہنہ اور اوڑک کے پہاڑی سلسلے میں بھی برف پڑی، پہاڑوں پر برفباری اور بارش کے بعد شہر کا موسم سرد ہوگیا اور آئندہ 24 گھنٹے تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج راولپنڈی اور پشاور میں آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے جب کہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، کوہاٹ، مری اور مالاکنڈ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

مزید خبریں :