11 مئی ، 2018
کراچی میں غیرت کے نام پر قتل کی ایک اور لرزا خیز واردات سامنے آگئی، چچا نے بھتیجے کو قتل کرکے اس کی لاش گھر کے صحن میں دفنادی۔
پولیس کے مطابق مقتول کے دادا کی نشاندہی پر لاش برآمد کی گئی، پانچ دنوں میں غیرت کے نام پر ہونے والا یہ تیسرا قتل ہے جبکہ ایک خاتون اور بچہ زخمی بھی ہوچکے ہیں، تاحال کسی بھی واقعے میں ملوث ملزم گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
پولس کے مطابق اتحاد ٹاؤن مں قبائل چوک کے قریب ایک گھر کے صحن میں کھدائی کر کے 18 سے 20 سالہ زوہیب خان کی کئی روز پرانی لاش برآمد کی گئی۔
مقتول کو تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔
رابطہ کرنے پر ایس ایس پی ضلع غربی عمر شاہد نے جیو نیوز کو بتایا کہ زوہیب کو اس کے چچا نے غیرت کے نام پر قتل کرکے لاش صحن میں دفنادی تھی جبکہ قتل کے بعد ملزم فرار ہوچکا ہے۔
چند روز میں غیرت کے نام پر ملک کے سب سے بڑے شہر میں ہونے والا یہ تیسرا قتل ہے۔
اس سے قبل 7مئی کو نارتھ ناظم آباد کی کوثر نیازی کالونی میں فائرنگ کر کے دو خواتین کو قتل کیا گیا تھا جبکہ جمعرات کو شاہ لطیف ٹاؤن میں بھی غیرت کے نام پر ہی قتل کی کوشش کی گئی۔
ہدف ایک خاتون تھی جس پر فائرنگ کرنے والے اس کے بھائی تھے تاہم وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہی۔ اس واقعے میں ایک 12سالہ بچہ بھی زخمی ہوا تھا۔
تشویش اس بات پر ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں غیرت کے نام پر قتل اور اقدام قتل کی پے درپے وارداتوں مں ملوث کوئی بھی ملزم تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔