Time 31 مئی ، 2018
پاکستان

ناصر کھوسہ کی تعیناتی کی سمری واپس نہیں ہوسکتی، وزیراعلیٰ پنجاب

 گورنر پنجاب کل رات 12 بجے سمری پر دستخط کردیں گے، شہباز شریف—فائل فوٹو۔

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے ناصر محمود کھوسہ کی بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی سے متعلق سمری محکمہ قانون نے گورنر ہاؤس بھیج دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار سمری گورنر کو ارسال کردی جائے تو واپس نہیں ہوا کرتی، گورنر پنجاب کل رات 12 بجے اس پر دستخط کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سمری پر دستخط حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ہی کیےجائیں گے۔

اس سے قبل تحریک انصاف نے پنجاب کے نامزد نگراں وزیراعلیٰ ناصر محمود کھوسہ کا نام واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے لیے سابق بیوروکریٹ ناصر کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا جس کا باضابطہ اعلان بھی کیا گیا۔

بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کے کور گروپ کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی قائدین نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے کو خصوصی طور پر ایجنڈے میں شامل کیا گیا اور پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین نے ناصر کھوسہ کےنام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ناصر کھوسہ کا نام فائنل کرکے اب واپس لے لیا گیا ہے اور نئے نام کے لیے سوچ بچار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ناصر کھوسہ کا نام سامنے آنے کے بعد ایک تاثر بنا کہ یہ (ن) لیگ کے آدمی تھے اور نوازشریف نے بھی کہا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرچکے ہیں، اس پر پارٹی میں بات ہوئی لہٰذا پارٹی نے جو پہلے فیصلہ کیا تھا ان ناموں کو واپس لے لیا ہے۔

ناصرکھوسہ کا نام واپس لینا ایک اوریوٹرن ہے، مریم اورنگزیب

دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا کہ تحریک انصاف کا پنجاب سے ناصرکھوسہ کا نام واپس لینا ایک اوریوٹرن ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حرکات وسکنات جھوٹ او یوٹرن پرمبنی ہیں، حکومت چلانا اور عوام کے مسائل حل کرنا گڈے گڑیا کا کھیل نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ ہرکام میں جلد بازی میں کرتے ہیں جس کا نقصان خود پی ٹی آئی کو ہوا، آپ نے یوٹرن، جلد بازی اورانتشارکی سیاست سےملک کا بہت نقصان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی ڈسٹرکشن کی سیاست کا سب سے زیادہ فائدہ مسلم لیگ ن کو ہوا۔

پی ٹی آئی نگراں وزیراعلیٰ کے فیصلے پر کھڑی نہ رہ سکی، کائرہ

ادھر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی نیا پاکستان بنائے گی تاہم یہ پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے فیصلے پر بھی کھڑی نہیں رہ سکی۔

پارٹی سیکرٹریٹ میں میڈیا سےگفتگو انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی معاملے پر سنجیدگی کا اندازہ اسی سے لگایا جاسکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے بحرانوں کا مقابلہ کیا اور واپس آئی۔

مزید خبریں :