Time 30 مئی ، 2018
پاکستان

تحریک انصاف کا پنجاب کے نامزد نگراں وزیراعلیٰ ناصر کھوسہ کا نام واپس لینے کا فیصلہ


اسلام آباد: تحریک انصاف نے پنجاب کے نامزد نگراں وزیراعلیٰ ناصر محمود کھوسہ کا نام واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے لیے سابق بیوروکریٹ ناصر کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا جس کا باضابطہ اعلان بھی کیا گیا۔

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے کور گروپ کا اجلاس

جیونیوزکے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کے کور گروپ کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی قائدین نے شرکت کی جب کہ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، چوہدری سرور اور اعجاز چوہدری بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے کو خصوصی طور پر ایجنڈے میں شامل کیا گیا اور پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین نے ناصر کھوسہ کےنام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کا ناصر کھوسہ پر تحفظات کا اظہار

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے اجلاس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے نامزد ناصر کھوسہ کا نام واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا جس کی تصدیق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے بھی کی گئی ہے اور ان کا کہنا ہےکہ مشاورت کے بعد اب نیا نام دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جب سے ناصر کھوسہ کا نام نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سامنے آیا تب سے پی ٹی آئی کے بعض سینئر رہنماؤں نے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور ان رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ یہ نام تحریک انصاف کی پالیسی کےعین مطابق نہیں، ناصر کھوسہ شریف برادران کے قریب رہے ہیں اور نوازشریف کے ساتھ کام بھی کرچکے ہیں جب کہ وہ بطور چیف سیکریٹری پنجاب بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

آئندہ چند گھنٹوں میں نیا نام دیں گے: اپوزیشن لیڈر محمود الرشید

اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ناصر کھوسہ کا نام فائنل کرکے اب واپس لے لیا گیا ہے اور نئے نام کے لیے سوچ بچار کررہے ہیں، چند گھنٹوں کے بعد نیا نام وزیراعلیٰ پنجاب کو دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ناصر کھوسہ کا نام سامنے آنے کے بعد ایک تاثر بنا کہ یہ (ن) لیگ کے آدمی تھے اور نوازشریف نے بھی کہا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرچکے ہیں، اس پر پارٹی میں بات ہوئی لہٰذا  پارٹی نے جو پہلے فیصلہ کیا تھا ان ناموں کو واپس لے لیا ہے، اب جو نام آئے گا وہ چند گھنٹوں کےبعد وزیراعلیٰ پنجاب کو دیں گے۔

دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کھوسہ صاحب کا نام دیا تھا، ہمیں لگ رہا ہےکہ ناصر کھوسہ متنازع ہورہے ہیں‘۔

ناصرکھوسہ کا نام واپس لینا ایک اوریوٹرن ہے، مریم اورنگزیب

دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا کہ تحریک انصاف کا پنجاب سے ناصرکھوسہ کا نام واپس لینا ایک اوریوٹرن ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حرکات وسکنات جھوٹ او یوٹرن پرمبنی ہیں، حکومت چلانا اور عوام کے مسائل حل کرنا گڈے گڑیا کا کھیل نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ ہرکام میں جلد بازی میں کرتے ہیں جس کا نقصان خود پی ٹی آئی کو ہوا، آپ نے یوٹرن، جلد بازی اورانتشارکی سیاست سےملک کا بہت نقصان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی ڈسٹرکشن کی سیاست کا سب سے زیادہ فائدہ مسلم لیگ ن کو ہوا۔

پی ٹی آئی نگراں وزیراعلیٰ کے فیصلے پر کھڑی نہ رہ سکی، کائرہ

ادھر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی نیا پاکستان بنائے گی تاہم یہ پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے فیصلے پر بھی کھڑی نہیں رہ سکی۔

پارٹی سیکرٹریٹ میں میڈیا سےگفتگو انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی معاملے پر سنجیدگی کا اندازہ اسی سے لگایا جاسکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے بحرانوں کا مقابلہ کیا اور واپس آئی۔

مزید خبریں :