16 جون ، 2018
لندن: ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں ایک مشتبہ شخص نے داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی حکام نے روک لیا۔
اطلاعات کے مطابق ایک شخص نے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں کلثوم نواز کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے اس شخص کو کلثوم نواز کے کمرے سے باہر نکال دیا۔
واقعہ ہارلے اسٹریٹ کلینک کی پہلی منزل پر پیش آیا جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔
کلثوم نواز کے کمرے میں داخل ہونے ولالے کی شناخت ڈاکٹر نوید کے نام سے ہوئی ہے۔
نوید نے سیکیورٹی کو کارڈ دکھا کر ایسا ظاہر کیا جیسے وہ ہارلے کلینک میں ڈاکٹر ہے۔
نوید نے کہا کہ وہ بیگم کلثوم نواز سے ملنے کے لیے آیا تھا اور اس نے کچھ غلط نہیں کیا۔
بعدازاں پولیس نے ڈاکٹر نوید کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا اور اسپتال سے دور رہنے کی ہدایت کی۔
پولیس ذرائع بھی ڈاکٹر نوید کے انٹرویو اور وارننگ دیے جانے کی تصدیق کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نوید کے موبائل سے وڈیوز برآمد ہوئیں جو اسپتال کےاندر بنائی گئی تھیں، معاملے سے جنرل میڈیکل کونسل کو آگاہ کیا جائے گا۔
ڈالٹر نوید کو وارننگ دی گئی کہ شریف فیملی کے کسی فرد کے پاس نہ جائے ورنہ کارروائی ہوگی۔
اس حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ ’فیملی پہلے ہی بہت پریشان ہے اور ایسے لوگ آکر اور پریشان کر رہے ہیں‘۔
حسین نواز نے بتایا کہ یہ شخص سیکیورٹی کو بے وقوف بناکر کلثوم نواز کے کمرے تک پہنچا۔
حسین نواز کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز انتہائی نگہداشت وارڈمیں ہیں اور انہیں دعاوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’وارڈ میں گھسنے والے مشکوک شخص کو پولیس نے باہر نکال دیا، ہم پہلے ہی بہت پریشان ہیں، اوپر سے یہ آئی سی یو میں گھس گیا‘
حسین نواز نے کہا کہ ’میں نہیں جانتا یہ صاحب کون ہے، پولیس اور میڈیا خود پتا لگائے، اگر یہ شخص ڈاکٹر بھی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ جس چیز سے اس کا تعلق نہ ہو وہاں گھس جائے۔
معاملے پر بات کرتے ہوئے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ ڈاکٹرنوید کے واقعے پر کچھ کہہ نہیں سکتی، ایسا کرنا نہیں چاہیے، بہت بری بات ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نوید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) راولپنڈی کے رہنما چوہدری اصغر کا بھانجا ہے۔
خیال رہے کہ لندن کے اسپتال میں زیر علاج وینٹی لیٹر پر بیگم کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔
لندن میں موجود نوازشریف اپنے صاحبزادے حسین نواز اور مریم نواز کے ساتھ اہلیہ کی تیمارداری کیلئے ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچ گئے ہیں۔