پاکستان

ڈیرہ اسماعیل خان: ایک ہی محلے کے 8 نوجوان پراسرار طور پر لاپتہ


ڈیرہ اسماعیل خان: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کے محلہ حیات اللہ سے 8 نوجوان پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔

پولیس کے مطابق 20 جون کے بعد سے تھانے میں آٹھ لڑکوں کے لواحقین نے مختلف دنوں میں رپورٹ درج کرائی۔

اس حوالے سے آخری رپورٹ گزشتہ روز درج کروائی گئی۔

لڑکوں کے والدین نے تھانے میں رپورٹ درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کے بچے 20 جون کو ظہر کے بعد سے مختلف اوقات میں لاپتہ ہوگئے اور گھر واپس نہیں آئے۔

لڑکوں کی عمریں 15 سے 20 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، جن میں سے زیادہ تر طالب علم ہیں۔

پولیس نےابتدائی رپورٹ درج کرکے انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔

ایس ایچ او دم ساز خان کا کہنا ہے کہ پولیس لڑکوں کی تلاش میں ہے، لیکن اب تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی اور نہ ہی کسی بھی لڑکے نے والدین سے کوئی رابطہ کیا ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ 8 میں سے کچھ لڑکے آپس میں دوست اور کچھ محلہ دار ہیں۔

 ایس ایچ او دم ساز نے مزید بتایا کہ کچھ لڑکے عید کی چھٹیوں میں بلوچستان کے سرحدی مقام راغاسر بھی گئے تھے۔

دوسری جانب اہل علاقہ نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ یہ نوجوان گھر والوں کو بتائے بغیر کسی ٹور پر نکل گئے ہوں، تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

مزید خبریں :