محبوب سے محبت کا اظہار چاند پر کیجیے!

اس خلائی سفر کے لیے ایک کروڑ 45 لاکھ ڈالر تک کا خرچہ بھی برداشت کرنا پڑے گا—.فوٹو بشکریہ/ پروپوز اِن پیرس

اس سے قبل تو 'محبوب کے لیے چاند تارے توڑ لانا' محض محاورے کی حد تک ہی محدود تھا، لیکن اب محبوب سے محبت کا اظہار چاند پر جا کر کرنا بھی ممکن ہوگیا ہے۔ 

این بی سی نیویارک کی ایک رپورٹ کے مطابق حیران کن شادیوں کے انتظامات کی تفصلات شائع کرنے والی ’ApoteoSurprise‘ نامی فرانسیسی ایجنسی نے ایک نیا طریقہ کار ترتیب دیا ہے، جس کے تحت 2022 میں چاند تک پرواز کے دوران محبت کرنے والا جوڑا ایک دوسرے کو شادی کے لیے ’پروپوز‘ کرسکتا ہے۔

چاند تک کا یہ سفر مشہور گلوکار فرانک سینانٹرا کے گیت 'فلائی می ٹو دی مون' (Fly Me to the Moon) کی دھن سےشروع ہوگا۔

 یہ منفرد خلائی سفر ایک ہفتے تک جاری رہے گا، جس کے دوران محبوب ایک آزاد کیپسول میں سفر کریں گے اور خلاء میں ایک دوسرے کے ساتھ محبت کا اظہار اور شادی کی پیشکش کرسکیں گے۔

سفر کی تیاریوں کا آغاز مارچ 2022ء سے ہوگا جس کے لیے جوڑے کو آن لائن رجسٹریشن کروانا ہوگی۔

تاہم اس کے لیے تمام تکنیکی اور ضروری معلومات کے حصول کے ساتھ احتیاطی تدابیر کا سمجھنا دونوں کے لیے ناگزیر ہوگا۔

ایجنسی کے مطابق خلائی سفر کا آغاز امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے کپ کنیفرال میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر سے ہوگا۔

اگرچہ یہ پروپوز کرنے کا ایک دلچسپ اور انوکھا طریقہ ہوگا، تاہم یہ بتاتے چلیں کہ اس خلائی سفر کے لیے ایک کروڑ 45 لاکھ ڈالر تک کا خرچہ بھی برداشت کرنا پڑے گا، جو شاید ہر کسی کے بس کی بات نہیں!