پاکستان
Time 13 جولائی ، 2018

نوازشریف، مریم کی گرفتاری میں جو مدد درکار ہوگی کرینگے، نگران وزیرداخلہ پنجاب

نگران وزیرداخلہ شوکت جاوید کی پریس کانفرنس: اسکرین گریب جیونیوز

لاہور: نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کی بنیادی ذمہ داری نیب کی ہے اور اس حوالے جو مدد درکار ہوگی وہ صوبائی حکومت دے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ نگران حکومت غیر جانبدار ہے، اس کا کسی جماعت سے تعلق نہیں، نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کی بنیادی ذمہ داری نیب کی ہے اور نیب وفاقی ادارہ ہے جو گرفتاری کا عمل سرانجام دے گا، اس حوالے جو مدد درکار ہوگی وہ صوبائی حکومت دے گی۔

انہوں نےکہاکہ مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ کے ساتھ انتظامیہ رابطے میں ہے، کنٹینرز اس وقت لگائے جائیں گے جب املاک کو نقصان پہنچایا جائے گا، ریلی کے شرکاء قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کریں، غیر معمولی صورتحال سے ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ شہر کےتمام راستے کھول دیئے گئے ہیں اور فون سروس سیکیورٹی کے پیش نظر بند کی گئی ہے جب کہ نقص امن کے تحت کچھ لوگوں کو نظر بند کیا ہے جن میں کوئی امیدوار اور بڑا لیڈر شامل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ائیرپورٹ وفاقی اداروں کے کنٹرول میں ہے، عبداللہ گل انٹر چینج ریڈ لائن ہے اسے کسی کو عبور نہیں کرنے دیں گے، جو بھی شخص حد کراس کرے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

مزید خبریں :