06 اگست ، 2018
کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں گزشتہ دنوں کمسن بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل میں گرفتار اسکے بہنوئی نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر عابد قائم خانی کے مطابق گرفتار ملزم عارف شاہ نے دوران تفتیش اعتراف جرم کیا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی 3 سے 4 بار بچی سے زیادتی کرچکا ہے اور ملزم بچی کو ڈرانے کے لیے اس کے جسم کو سگریٹ سے جلاتا بھی رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے پیش آنے والے اندوہناک واقعے میں مقتولہ کے بہنوئی سمیت چار افراد کو مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔
مقدمے میں اب انسداد دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ بچی کی لاش گلستان جوہر کے قریب بھٹائی آباد سے 31 جولائی کو برآمد ہوئی تھی۔
بچی کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق اس سے زیادتی کی گئی اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا گیا جبکہ اس کی لاش پر سگریٹ سے جلائے جانے کے نشانات بھی تھے۔