Time 04 اکتوبر ، 2018
پاکستان

پی آئی بی کالونی سے لاپتہ لڑکی کا اپنی مرضی سے دوست کے ساتھ جانے کا اعتراف


کراچی: شہرِ قائد کے علاقے پی آئی بی کالونی سے گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی لڑکی سرجانی ٹاؤن سے بازیاب ہوگئی، اس کا موقف ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے دوست کے ساتھ گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی بی کالونی سے ایک 14 سالہ لڑکی کی مبینہ گمشدگی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں، جس پر اہلخانہ نے شدید احتجاج کیا تھا۔

لڑکی کے اہلخانہ کا موقف تھا کہ وہ صبح اسکول کے لیے گھر سے نکلی تھی اور پھر واپس نہیں آئی۔

گمشدگی کی رپورٹ پر پولیس نے سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن میں ایک مکان پر چھاپہ مارا اور لڑکی کو بازیاب کرالیا۔

چھاپے کے دوران لڑکی کے ساتھ ایک لڑکا بھی موجود تھا۔

پولیس نے لڑکے کو ملزم کی طرح پیش کیا، اس موقع پر ڈی ایس پی نیو ٹاؤن راؤ اسلم نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکا، لڑکی کو اغوا کرکے یا ورغلا کر لے گیا تھا۔

تاہم پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں لڑکی نے اصل حقیقت سے پردہ اٹھایا اور بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی تھی اور اپنے دوست کے ساتھ ہی رہنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی نے پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور بازیابی کے لیے جانے والی ٹیم کے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بیوٹی پارلر کے باہر سے دلہن کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کا بھی اُس وقت ڈراپ سین ہوگیا تھا، جب لڑکی نے کورٹ میں اپنے سابق منگیتر سے شادی کرلی تھی۔

لاپتہ ہونے والی لڑکی کے والدین کے مطابق ان کی بیٹی کی 30 ستمبر کو شادی تھی اور مایوں کی تیاری کے لیے وہ اپنی بہن کے ساتھ نارتھ ناظم آباد میں واقع ایک بیوٹی پارلر گئی تھی کہ پارلر کے باہر سے اُسے اس کے سابق منگیتر نے دیگر 3 ملزمان کے ساتھ مل کر اغواء کیا۔

تاہم بعدازاں معلوم ہوا کہ لڑکی نے اپنے سابق منگیتر کے ساتھ کورٹ میرج کرلی اور نکاح نامہ بھی پولیس کے پاس جمع کروا دیا۔

مزید خبریں :