پاکستان
Time 23 اکتوبر ، 2018

پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے والی ڈاکٹر شہلا کی ضمانت منظور

جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض خاتون کو رہا کرنے کا حکم دیا— فوٹو: فائل

اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے والی خاتون ڈاکٹر شہلا کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد نے محفوظ فیصلہ سنادیا اور نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض خاتون کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ 17 اکتوبر کو پیش آنے والے اس واقعے کا مقدمہ ڈپلومیٹک انکلیو کی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسر کی جانب سے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کروایا گیا تھا۔

مذکورہ پولیس افسر نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹر شہلا نامی خاتون نے بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی کے ساتھ ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر جانے کی کوشش کی اور روکنے پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ انہیں گاڑی اوپر چڑھانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

ڈاکٹر شہلا شکیل پر کارِ سرکار میں مداخلت اور اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ ذرائع کے مطابق شہلا شکیل سیٹھی امریکا میں ڈاکٹر رہی ہیں، جو حال ہی میں وطن آئی ہیں۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر شہلا کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم ان کے وکیل نے ضمانت کی درخواست دائر کردی تھی۔